فیس بک پر پوسٹس اور کمنٹس اور ہماری آخرت

فیس بک پر پوسٹس اور کمنٹس اور ہماری آخرت :


خود کو اللہ کے قہر اور غضب سے بچائیں :۔۔۔۔

نوٹ : ۔ تحریر اختتام تک ضرور پڑھیں ۔

کئی سال سے فیس بک پر ہلکے پھلکے انداز سے موجود رہتا ہوں ۔ہلکا پھلکا اس لیے کہا کہ کوئی خاص ایکٹیویٹی نہیں کرتا بس لوگوں کے کیے گئے پوسٹس اور کمنٹس پڑھتا رہتا ہوں ۔ خود حتی الوسع پوسٹس اور کمنٹس نہیں کرتا۔لکھتا بھی ہوں تو اسلامی، اصلاحی،اخلاقی اور تعلیمی تحریریں ہوتی ہیں یا شعر و ادب کی ویڈیوز وغیرہ۔"سیماؔب ٹی وی" کے نام سے یوٹیوب چینل اور اسی نام سے ویب سائٹ بھی چلاتا ہوں ۔ "وطن ٹی وی" کے نام سے گروپ اور "سیماب ٹی وی " اور "وطن ٹی وی " کے نام سے دو پیجز بھی ہیں ۔ان سب میں زیادہ تر اوپر ذکر شدہ طرز کے پوسٹس اور ویڈیوز ہوتے ہیں۔ لیکن میرے پوسٹ چونکہ اصلاح و ادب سے متعلق ہوتے ہیں اس لیے اہل ذوق اور علم وادب کے پیاسوں کے علاوہ انھیں عوام الناس کی دلچسپی نصیب نہیں ہوتی ۔ اس وجہ سے جب بھی آن لائن ہوتا ہوں تو اپنے پوسٹس پر کمنٹس کی قلت کی وجہ سے دوسروں کی پوسٹس اور کمنٹس دیکھتا ہوں جس کی وجہ سے میرا کافی سے بھی زیادہ تجربہ ہوگیا ہے کہ عام  مزاج کیا بنتا جارہا ہے۔

آئیے اس تجربے کو آپس میں شئیر کرتے ہیں ۔

1۔فیس بک پر کئی طرح کے پوسٹس دیکھنے کو ملتے ہیں جن میں سب سے زیادہ سیاسی شخصیات سے متعلق ہوتے ہیں ، سیاسی نظریات سے متعلق نہیں بلکہ شخصیات سے متعلق۔  زیادہ تر پوسٹ اپنے پسندیدہ شخصیت کے حق میں ہونے کے بجائے نا پسندیدہ یا مخالف پارٹی لیڈر یا پارٹی کے خلاف ہوتے ہیں اور اس بے ہودہ اور اخلاق سوز انداز میں ہوتے ہیں کہ ان ذکر کرنا بھی ایک سلیم الفطرت انسان کے بس سے باہر ہے۔  اول تو پوسٹ اتنے گِرے ہوئے انداز میں ہوتے ہیں کہ توبہ استغفار۔ پھر ان پر کیے گئے ہمارے ہم ملت و ہم وطن بھائی بہنوں کے کمنٹس۔ فیس بک پر آجانے کے بعد لگتا ہی نہیں کہ میں انسانوں کے درمیان ہوں ۔اگر یہ سارے پوسٹ اور کمنٹس شیطان کو سنا دیے  جائیں تو شاید وہ بھی اس گھٹیا پن اور کمینے پن پر حیران ہو جائے ۔ کہ جس انسان کی تعظیم کا مجھ سے مطالبہ کیا گیا تھا وہ کس قدری پستی میں گِر چکا ہے۔

2۔ دوسرا نمبر فرقہ واریت کو ہوا دینے والے یا مسلمانوں اور پاکستانی قوم کے جذبات کو مجروح کرنے یا مشتعل کرنے والے مواد کا ہے۔کیا ہم نے کبھی سوچنے اور سمجھنے کی تکلیف کی ہے کہ اس مواد کے پیچھے کون ہے اور اس کے کیا مقاصد ہیں؟ اسلام اور پاکستان دشمن عناصر منفی ،غلیظ اور نیچ ویڈیو بنا کریا پوسٹ لکھ کر اس کے ساتھ لکھ دیتے ہیں کہ لعنت بھیج کر آگے شئیر کریں ۔ تو ہم بھی کار خیر سمجھ کر جُت جاتے ہیں۔ حالانکہ ایسا کرنا انتہا درجے کی بے وقوفی ہے۔ کیونکہ غلط اور ناجائز چیز کو آگے شئیر کرنے سے اُلٹا ہمارا ہی نقصان ہوتا رہتا ہے۔

3۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسے پوسٹس کی بھی بھر مار ہے جن میں کمنٹس میں اللہ لکھنے،درود پڑھنے، آمین لکھنے، ما شاءاللہ لکھنے  یا اس طرح کا کوئی اور کام کرنے کا کہا جاتا ہے جسے ہم ثواب سمجھ  کر کرنے لگ جاتے ہیں اور پوسٹ کرنے والے کا مقصد صرف زیادہ لائکس اور کمنٹس بنانا ہوتا ہے ۔ تو سوچیئے کتنے شرم کی بات ہے ۔ہم بھی آسان اور شارٹ کٹ راستے سے جنت کمانے کے چکر میں اس لائق شرم کام میں کود پڑتے ہیں ۔

نتیجہ :۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس حقیقت کو سمجھیں اور عمل کرکے اپنے اتفاق اور باہمی محبت کو بچا کر وحدت اسلامی کی تشکیل کریں  ۔ اور اللہ تعالیٰ جو کہ قہار اور منتقم بھی ہے کے قہر اور انتقام سے بچ کراس کے رحم اور مہربانی کی پناہ میں آجائیں ۔

(عبداللہ سیماؔب)